آسٹریلیا ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ویمننز کرکٹ ٹیم کو شکست دے دی

ہوبارٹ:آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، آسٹریلیا نے پاکستان کا 97 رنز کا آسان ہدف 12.4 اوورز میں حاصل کرلیا، بیتھ مونی کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کو بیلریو اوول ہوبارٹ میں کھیلے گئے تین ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا سکی۔ اوپنر منیبہ علی نے 33 اور کپتان بسمہ معروف نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ کوئی بیٹر آسٹریلوی بائولرز کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکیں اور پاکستان ٹیم کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ میزبان آسٹریلیا نے پاکستان ٹیم کے خلاف 9 بائولرز کو آزمایا۔ الانا کنگ نے 10 رنز کے عوض 2 جبکہ ڈارسی برائون، ایشلیگ، جوناسن، گریس ہیرس اور اینابیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلوی ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کا 97 رنز کا ہدف 12.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ اوپنرز بیتھ مونی نے 29 بالوں پر 46 اور کپتان میگ لیننگ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے ندا ڈار نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں فتح حاصل کرکے تین ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز 2-0سے اپنے نام کرلی ہے۔ بیتھ مونی کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔