سیکٹر آئی الیون میں پارکس بنانے کی حتمی منظوری

اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) نور الامین مینگل کی زیر صدارت منگل کے روز ماحولیات ( انوائرمنٹ ) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں ممبر انوائرمنٹ ، ڈی ڈی جی انوائرمنٹ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔

بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نور الامین مینگل کو انوائرمنٹ ونگ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔

چیئرمین نے اجلاس میں ہدایات کرتے ہوئے مزید کہا کہ رواں برس موسم بہار میں ہونے والی شجرکاری مہم میں سول سوسائٹی اور رضاکاروں کو خاص طور پر شامل کیا جائے ۔

اسی طرح کی جانے والی شجرکاری کو جیو ٹیکنگ کے ذریعے مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ مزید برآں چیئرمین نے اجلاس میں سیکٹر I-11 میں پارکس بنانے کی حتمی منظوری بھی دی اور ہدایت جاری کرتے ہوئے شعبہ ایچ آر کو کہا کہ مارگلہ فاریسٹ ایریا میں فاریسٹ گارڈز کی خالی آسامیاں فوری طور پر کی جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارگلہ فاریسٹ ایریا میں مزید شجرکاری بھی کی جائے ۔ چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے تمام پارکس میں بچوں کے لئے صحت مندانہ سرگرمیاں بھی فراہم کی جائیں اور تمام بڑے پارکس میں سپورٹس اکیڈمیاں بھی قائم کی جائیں ۔

اسی طرح تمام پارکس میں عوام الناس کی رہنمائی کے لئے لکڑی اور پتھر سے بنے ( آرگینک ) سائن بورڈز نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں .

اسی طرح مستقبل میں شجرکاری کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں مختلف مقامات پر4 مزید نئی نرسریاں بھی قائم کی جائیں ۔