پاک، امارات تجارت میں ابھی بھی بہت گنجائش موجودہے: ڈار

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات توانائی، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں منسلک ہیں، تاہم ابھی بھی بہت زیادہ گنجائش اور صلاحیت موجود ہے۔

وزیر ریلوے سعد رفیق کا بھی عوام سے قربانی دینے کا مطالبہ

وزیر خزانہ نے اس ضمن میں ان مختلف شعبوں پر بھی روشنی ڈالی جن میں دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

امارات کے سفیر نے اس بات کو اجاگر کیاکہ متحدہ عرب امارات موجودہ حکومت کی ملک کی ترقی پر مبنی اقتصادی پالیسیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس بات کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں معیشت کے نئے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

دونوں اطراف نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات اور یو اے ای کی قیادت سے ملاقاتوں میں کئے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

وزیرخزانہ نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور معاونت کا یقین دلایا۔