آئی ایم ایف سمیت تمام عالمی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پرعزم: وزیر خزانہ اسحاق ڈار
Share
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے میسرز رُتھ چائلڈ اینڈ کو کے منیجنگ ڈائریکٹر ایرک لالو پارٹنر اور مسٹر تھیباؤڈ فورکیڈ نے منگل کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر مملکت خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اورسینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے وفد کوملک کے معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور موجودہ حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وفد نے وزیر خزانہ کو کمپنی کے پروفائل اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کو فراہم کی جانے والی اس کی مالیاتی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا اور اقتصادی بحالی روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کی معاشی خوشحالی کیلئے میسرز روتھ چائلڈ کے مثبت ارادوں کو سراہا۔
دریں اثنا فاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کی چارج ڈی افیئرز محترمہ پینگ چنکسو نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی،پینگ چنکسو نے چینی حکومت کی پاکستان کو مسلسل حمایت کا یقین دلایا ۔
دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے سی پیک منصوبوں پر کامیاب عمل درآمد کو مزید تیز کرنے کا اعادہ کیا۔