عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کیلئےبیرون ملک موجود رہنماؤں کو واپس آنے سے روک دیا

اسلام آباد،لاہور،ملتان: عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے زلفی بخاری سمیت بیرون ملک موجود رہنماؤں کو واپس آنے سے روک دیا۔ادھرپاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیا گیا

دوسری جانب تھری ایم پی او کے تحت گرفتار شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم معمہ بن گیا، شاہ محمود قریشی ضمانت منظوری کے پانچویں روز بھی رہا نہ ہوسکے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے زلفی بخاری سمیت بیرون ملک موجود رہنماؤں کو واپس آنے سے روک دیا۔

عمران خان سے بیرون ملک مقیم رہنماؤں کا رابطہ ہوا جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے رہنماؤں کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔تحریک انصاف کے اوورسیز کے رہنما مخدوم طارق، زلفی بخاری اور شہباز گل سمیت دیگر کو دو ہفتے کے لیے واپس نہ آنے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ جب تک پارٹی کے معاملات ٹھیک نہیں ہوتے آپ وطن واپس نہ آئیں کیونکہ پاکستان واپس آنے کی صورت میں آپ کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

قیادت کی جانب سے حکم ملتے ہی تمام رہنما وطن واپس آئیں گے۔ رہنما تحریک انصاف مخدوم طارق اور شہباز گل نے بھی رواں ہفتے واپسی کا اعلان کر رکھا تھا۔

دوسری جانب تھری ایم پی او کے تحت گرفتار شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم معمہ بن گیا، شاہ محمود قریشی ضمانت منظوری کے پانچویں روز بھی رہا نہ ہوسکے۔

شاہ محمود قریشی کی پانچ روز قبل ضمانت منظور ہوچکی ہے، عدالت نے ان سے کسی بھی قسم کے تشدد پر اُکسانے سے دور رہنے کی انڈر ٹیکنگ مانگی تھی تاہم ان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج بھی انڈر ٹیکنگ جمع نہ ہوسکی۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل تیمور ملک نے کہا کہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، شاہ محمود قریشی کی بیٹی کو بھی جیل میں ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ، جب تک ملاقات نہیں ہوتی انڈرٹیکنگ کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے ۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔جیل انتظامیہ کے مطابق رہائی کے احکامات موصول ہونے کے بعد شیریں مزاری کو رہا کیا گیا۔

وکیل شیریں مزاری انیق کھٹانہ کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری کو رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیاگیا۔وکیل کے مطابق اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد شیریں مزاری کوپنجاب پولیس لےکرگئی، انہیں کہاں لےکر گئے کچھ معلوم نہیں نہ پولیس نے بتایا ۔

دریں اثناء تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کو جھنگ سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ۔ اس موقع پر عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ 12دن بعد رہائی دی گئی لیکن ملتان پولیس نے مجھے دوبارہ گرفتار کر لیا ۔