اب غیرجمہوری اقدام پرپیپلزپارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی:بلاول

اسلام آباد : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب کے دور میں آئین کو نقصان ہو رہا تھا، ان کے دور میں ہمارا آئین اور نظام خطرے میں تھا۔

گزشتہ روز یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار میں جمہوریت کے گمنام ہیروز کی یادگار پر تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا، میں کھیلوں گا یا کسی کو نہیں کھیلنے دوں گا کے رویئے سے ملک کا نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پاکستان اتنے بڑے سیاسی و معاشی بحران سے کبھی نہیں گزرا، پیپلزپارٹی تمام جماعتوں سے رابطے کیلئے تیار ہے، عمران خان کہتے ہیں دہشتگردوں سے بات کرسکتے ہیں جبکہ یہ پارلیمان میں اپنے ساتھیوں سے بات نہیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت ملک چلے گا تو ہر کسی کو حق ملے گا اور ملک ترقی کرے گا،پاکستان کی نئی نسل کو سمجھائیں کہ کس طریقے سے آئین کے ذریعے انہیں حق دیا جارہا ہے، جب بھی آئین توڑا گیا نقصان ملک کا ہوا ہے ، غیر جمہوری اقدام کی صورت میں پیپلزپارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایسا آئین دیا جس میں تمام شہریوں، مزدوروں، صحافیوں سب کا تحفظ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر آج تک ملک چل رہا ہے تو وہ اس آئین کی وجہ سے ہے لیکن آج ہم ایک امتحان سے گزر رہے ہیں جس میں کامیابی سے ملک کی کامیابی ہے۔چیئرمین پی پی نے اعلان کیا کہ تمام جماعتوں سے رابطے کیلئے کمیٹی تشکیل دیں گے۔

ایک ایجنڈے پر سب کومتحد ہونا پڑے گا، فیصلہ کرناچاہئے، سیاسی میدان میں سب رہ سکتے ہیں اور اچھے فیصلوں سے ملک اورعوام کا فائدہ ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ آئین ملک کی بقاء اور سلامتی کا ضامن ہے، ہر ممکن طریقے سے اس کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 2023 کو پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کا سال منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں ملک میں جمہوریت اور آئین کے لئے قربانیاں دینے والوں کی ایک یادگار بنائی گئی تھی جسے مزید بہتر کیا جائے گا، جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔ قبل ازیں سپیکر نے بلاول بھٹو زرداری، یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر رہنمائوں کے ہمراہ شہداکی یادگارپر پھول رکھے اور آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لئے دعا کی گئی۔

دریں اثناسپیکر قومی اسمبلی پرویز اشرف نےخواتین پارلیمنٹرینزکے قومی کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ خواتین پارلیمنٹرینز ملک میں صنفی تفریق کو ختم کرنے اور خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پارلیمنٹرینز ملک میں امن کے قیام اور جمہوری روایات کی مضبوطی کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین رہنماؤں نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ شہید بے نظیر بھٹو ملک میں آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کی سب سے بااثر آواز تھیں اورانہیں کسی بھی اسلامی جمہوری ملک کی پہلی خاتون سربراہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھوں گا ۔سپیکرنےوومن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کو کامیاب کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔