اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، 17 سالہ فلسطینی نوجوان شہید،6زخمی
Share
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فورسز کی فائرنگ میں 17 سال کا نوجوان جبرائیل محمد شہید اور 6زخمی ہوگئے ۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے فلسطینی نوجوان کے سر میں گولی ماری فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ میں دیگر 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔وزارت صحت نے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے عقب جبر کے پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا ہے۔
رواں سال اسرائیل کی پرتشدد کارروائیوں میں 101 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا مقبوضہ فلسطین کے اندرونی علاقوں میں اسلامی تحریک کے سربراہ الشیخ رائد صلاح نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے خلاف قابض اسرائیلی ریاست کی مسلط کردہ جنگ ناکام ہوگی۔ایک بیان میں الشیخ صلاح نے مسجد اقصیٰ مبارک کی زمانی اور مکانی تقسیم کو بچگانہ خواب قرار دیا اور کہا کہ باب الرحمت نمازگاہ پر ہاتھ رکھنے اور مسجد اقصیٰ کی قیمت پر مبینہ ہیکل کی تعمیر کی قابض فوج کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
جس طرح مسجد اقصیٰ کے خلاف جنگ میں تمام سابقہ کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔الشیخ صلاح نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کے ساتھ کئے گئے عہد کو برقرار رکھیں اور اس کی طرف رخت سفر باندھیں۔
باب الرحمہ صحن کو اسرائیلی قابض ریاست اور انتہاپسند ہیکل گروپس کی طرف سے مسلسل خطرات کا سامنا ہے جو مسجد اقصیٰ کے اندر قدم جمانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ اسے یہودی بنانا شروع کر دیں اور اسے گرا کر اپنا مبینہ ہیکل قائم کر سکیں۔