اعلیٰ تعلیم کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے:جمال ناصر

راولپنڈی: صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے تعلیم کی ترقی بہت ضروری ہے۔

دنیا میں وہی قومیں ترقی یافتہ ہوتی ہیں جو اعلیٰ تعلیم پر توجہ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسلمان تعلیمی میدان میں آ گے رہے تو انہوں نے دنیا پر حکومت کی اور جب تعلیم کو پس پشت ڈالا تو زوال کا شکار ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اعلیٰ تعلیم کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات مقامی ہوٹل میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرنیشنل ایجوکیشن سمٹ 2023 کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، وائس چیئرمین مدثر مقبول،انجمن تاجران کے نمائندے ایگزیکٹوممبران اور چیمبرممبران اور یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور سٹالز مالکان بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیمی نظام کو نئے دور کے تقاضوں کے تحت استوار کرنا ہو گا اور دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق ایجوکیشن سسٹم کو اپ گریڈ کرنا ہو گا۔