امریکہ بنگلہ دیش میں اقتدار تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا: شیخ حسینہ

ڈھاکہ: شیخ حسینہ نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں اقتدار تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ امریکہ حالیہ عرصے میں بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی نکتہ چینی کرتا رہا ہے۔

بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیح حسینہ نے بنگلہ دیشی پارلیمان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر خصوصی اجلاس کے دوران ایک بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا، "وہ (امریکہ)جمہوریت کو ختم کرنے اور ایک ایسی حکومت کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا وجود جمہوری نہیں ہے۔

ان کی یہ حرکت غیر جمہوری ہو گی۔”انہوں نے امریکہ کا براہ راست نام لیے بغیر کہا، "وہ کسی بھی ملک کا تختہ پلٹ سکتے ہیں۔ خاص طور پر مسلم ملکوں کا، جنہیں اس طرح کے سخت حالات کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو بحرالکاہل سے آگے اپنی جمہوری قدروں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

شیخ حسینہ نے سوال کیا کہ "کیا جمہوریت کی تعریف اس وقت بدل جاتی ہے جب یہ بحرالکاہل کے دوسرے طر ف کے ملکوں کے سلسلے میں ہو۔”انہوں نے کہا کہ امریکہ اپوزیشن جماعتوں کو خوش کرنے کے لیے بنگلہ دیش کو جمہوریت پر لکچر دیتا ہے۔ لیکن "میں آج بھی یہ کہتی ہوں کہ وہ (امریکہ) اپنی باتوں سے ہمیں جمہوریت کا جھانسہ دیتا رہتا ہے اور اس پر ہماری اپوزیشن پارٹی اور کچھ لوگ تالیاں بجاتے ہیں، رقص کرتے ہیں۔شیخ حسینہ نے یہ الزامات ایسے وقت لگائے ہیں جب بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبدالمومن امریکہ کے دورے پر ہیں۔