امریکہ پاکستان کوتجارتی پارٹنرکےطورپردیکھتاہے: نویدقمر
Share
اسلام آباد، واشنگٹن : وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مذاکرات میں امریکہ کو پاکستانی آموں اور کھجوروں کی برآمد میں اضافہ اور پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے کیلئے مزید مارکیٹ رسائی سمیت کئی اہم امور پر جامع بات چیت کی گئی ہے۔
دورہ امریکہ کے اختتام پرواشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگومیں وزیرتجارت نے کہاکہ 8 سال کے وقفے کے بعد ٹیفا اجلاس کے انعقاد سے وسیع البنیاد ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور باہمی فائدہ مند تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینےکیلئےدونوں ممالک کے مفاہمت اور عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیفا کونسل کا اگلا وزارتی اجلاس 2024 کے اوائل میں اسلام آباد میں بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان کو اب امریکہ کے خودمختار تجارتی پارٹنر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارے لئے ایک اہم ملک ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلقات تمام ممکنہ شعبوں میں مزید بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے امکانات کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے اور ڈالرکے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدرمیں استحکام آرہاہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ صرف پروگرام کی بحالی تمام بیماریوں کا علاج نہیں ہے ، ہمیں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی بحالی سے تاجر برادری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوگا اور انہیں معاشی استحکام کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔