انسداد سموگ مہم، 795گاڑیوں کو جرمانے ،255 بند

لاہور: پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے انفورسمنٹ ونگ نے ماہ فروری میں انسداد سموگ مہم کے حوالے سے محکمہ ماحولیات کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دھواں چھوڑنے والی متفرق پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف مہم کو مزید سخت کرتے ہوئے 795 گاڑیوں کو جرمانہ کیا جن میں 255 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کرایا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی فائق احمد کی سربراہی میں ڈپٹی جنرل منیجر انفورسمنٹ فیصل یوسف کی زیر نگرانی پبلک سروس ٹرانسپورٹ کے خلاف پی ٹی سی کے انفورسمنٹ ونگ کے انسپکٹرز نے 795 پبلک سروس گاڑیوں کو 1 لاکھ 85 ہزار کے جرمانے کئے۔

معمولی نوعیت والی گاڑیوں کو وارننگ جاری کی گئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر فائق احمد نے کہا ہے کہ دھواں دینے والی گاڑیوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

کسی پبلک سروس وہیکل کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی کا انفورسمنٹ ونگ سموگ کی روک تھام کیلئے کارروائی کے ساتھ ساتھ عوام کو آگاہی بھی دے رہا ہے۔

آگاہی مہم کے ذریعہ ہی اس آفت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سموگ سے سانس لینے میں دشواری، گلے اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کے شدید خطرات لاحق ہیں۔

سموگ کے خاتمے کی لئے مل کر کوششوں کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی جنرل منیجر انفورسمنٹ فیصل یوسف نے کہا کہ انسداد سموگ کیلئے ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ انسپکٹرز کی شہر کے داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں پر محکمہ ماحولیات کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔