انڈونیشیا سےثقافتی روابط میں استحکام چاہتے ہیں:امیرمقام

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام سے انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ملاورمن توگیو نے گزشتہ روزیہاں قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔امیر مقام نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پرانے قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جن کی جڑیں تاریخی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ثقافتی ورثے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں اور باقاعدہ تبادلے کے لئے کوشاں ہے۔انڈونیشیا کے سفیرنے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کے موجودہ دائرہ کار اور ترقی پسندانہ بنیادوں پر متعلقہ شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

سفیر نے پاکستان نیشنل لائبریری میں بین الاقوامی کارنر کے قیام کے لئے جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی جسے مشیر وزیراعظم نے منظور کر لیا۔سفیرنے وادی سوات کے دورے کی دعوت بھی قبول کی۔

امیر مقام نے انڈونیشیا کے سفیر کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافت میں ابھی بہت کچھ تلاش کرنا باقی ہے اور ہم ثقافتی تبادلے کا پروگرام شروع کرنے کی امید کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے عوام کے رابطوں کے فروغ ، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔