ایف آئی اے امیگریشن نے ایئرپورٹس پر اہم شخصیات کا پروٹوکول ختم کر دیا

اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن نے اہم شخصیات کا ایئرپورٹ پر پروٹوکول ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ایف آئی اے نے افسران و اہلکاروں کو ایئرپورٹس پر وی آئی پی شخصیات کو پروٹوکول دینے سے روک دیا۔

ایف آئی اے حکام کی جانب سے پروٹوکول ختم کرنے کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا۔مراسلے کے مطابق ایئر پورٹس پر ہر اہم شخصیت کا سامان چیک ہوگا ،وی وی آئی پی پروٹوکول دینے پر پابندی لگادی گئی۔

اہم شخصیات کے پروٹوکول پرپابندی سمگلنگ کے خدشے کے پیش نظر عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر افسران و اہلکاروں کی ملی بھگت سے غیر قانونی کام کا خدشہ ہے کیونکہ پروٹوکول دینے سےاہم شخصیات کے سامان کی چیکنگ نہیں ہوتی اور چیکنگ نہ ہونے سے سمگلنگ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔