بانی پاکستان کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے :محسن نقوی
Share
لاہور،کراچی: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی،مزار قائدؒ پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے ملک کے استحکام، سا لمیت اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا مانگی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔
وزیراعلیٰ نے بانی پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم ؒکے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو تمام بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے اور رہنما اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔
بعدازاں انہوں نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کی،جس میں ملک کی مجموعی صوتحال،دونوں صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں رہنماؤں نے سبی میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔
قبل ازیں انہوں نے سرائیکی کلچر ڈے پر اپنے پیغام میں سرائیکی علاقے میں بسنے والے بہن بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اجرک سرائیکی ثقافت کی علامت ہے۔ سرائیکی اجرک سرائیکی ثقافت کے مختلف رنگ سمیٹے ہوئے ہے۔سرائیکی کلچر منفرد پہچان رکھتا ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے مظفر گڑھ کے تھانہ محمود کوٹ کی حدود میں زیادتی کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔