سری نگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے نامعلو م مسلح افراد کے ہاتھوں ضلع پلوامہ میں سنجے پنڈت نامی بینک گارڈ کے قتل کا ذمہ دار بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو ٹھہرایا ہے۔محبوبہ مفتی نے پنڈت شخص سنجے کے قتل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایسے واقعات چاہے وہ ہریانہ میں ہوں یا کشمیر میں فائدہ صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواہ ہریانہ ہو یا کشمیر اس طرح کی ہلاکتوں کو پورے ملک میں بند کیا جانا چاہئے۔ مٹن اننت ناگ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ اب وادی میں کچھ ہی پنڈت اور سکھ ہیں اور ان کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔ جبکہ کشمیر میں جاری ان ہلاکتوں سے ایک مخصوص پارٹی یا طبقے کو فائدہ پہنچتا ہے اور بی جے پی ایسے واقعات کو سیاسی رنگ دے کر نفرتوں کو مزید ہوا دے کر مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
جبکہ ایسے واقعات انجام دینے والوں کو سوچنا چاہئے کہ ان سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی وادی کشمیر میں حالات کو پر امن دکھانے کیلئے اقلیتوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے ۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ بی جے پی علاقے میں اقلیتوں کی زندگیوں کے تحفظ میں ناکام رہی ہے اور وہ وادی میں حالات کو پر امن ظاہر کرنے لیے اقلیتوں کا استعمال کررہی ہے۔