مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی،2 نوجوان شہید

پلوامہ میں حملہ فوجی ہلاک،ایک اور اہلکار کی خودکشی

سرینگر: بھارت نے دہشتگردی کی کارروائی میں ضلع پلوامہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

فوجیوں اورپولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو جن کی شناخت عاقب احمد اوراعجاز احمد کے ناموں سے ہوئی ہے ضلع کے علاقے اونتی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔

بھارتی فوج کے اہلکار چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس گئے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پلوامہ میں ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا دوسری جانب ضلع جموں میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار سی ٹی سریتھ نے خودکشی کر لی۔

سول ملیشیا وی ڈی جی بحال کردی گئی جبکہ مودی حکومت نے کشمیری نوجوانوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مزاحمت ختم ہوگئی ہے تو ہزاروں کشمیری قید کیوں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی طرف سے نیا کشمیر بنانے کی کوششوں کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بڑی حد تک خاموش کرا دیاگیا ہے اور انکی تمام شہری آزادیوں پر قدغن عائدہے۔ کیونکہ بھارت کسی بھی قسم کی اختلاف رائے کو برداشت کرنے کا روادارنہیں ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اے پی کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ نے فوج کی حمایت یافتہ ملیشیا ویلج ڈیفنس گارڈز کو بحال کردیا ہے۔ اور ہزاروں دیہاتیوں کو دوبارہ مسلح اور تربیت دینا شروع کر دی ہے، جن میں بعض لڑکے بھی شامل ہیں۔

جموں و کشمیر میں بھارت مقبوضہ علاقے میں تمام کشمیری نوجوانوں اورانکی املاک کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا اکٹھا کرنے اورانہیں "عسکریت پسند قرار دےکر قتل کرنے اورانکی زمینیں چھیننے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے ۔

علاوہ ازیں غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں جموں و کشمیر کے عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں۔

جموں و کشمیر ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ اور جموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی کی جانب سے سرینگر اور ملحقہ علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر پوسٹرچسپاں کیے گئے پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کیلئے یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اورمقبوضہ کشمیر میں مودی کے آباد کاری کے استعماری ایجنڈے کو ناکام بنانے کےلئے متحد ہو کر جہدوجہد کرنے پر زوردیاگیا ہے۔

پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے اور وہاں پر غیر کشمیری ہندوئوں کو آباد کرنے کےلئے ایک مذموم منصوبہ پر عمل پیرا ہے تاکہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔ بعض پوسٹروں میں بھارت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف مزاحمت کے لیے اتحاد کے ساتھ آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زوردیاگیا ہے اور کہاگیا کہ اپنی سرزمین کاتحفظ کرنا ہمارااولین فرض اور ذمہ داری ہے۔

پوسٹروں میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں اپنے حقیقی موقف پر ثابت قدم رہنا ہوگاکیونکہ ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔