بھارتی سکھ یاتریوں کی گورودوارہ روہڑی اوردربار صاحب حاضری

لاہور،ایمن آباد: بھارتی سکھ یاتریوں کی گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کے بعدگورودوارہ دربار صاحب کرتا رپور حاضری دی، ماتھا ٹیکا اوررات گئے تک اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے رہے۔بھارتی شہریوں نے اپنی پاکستان یاترا کو زندگی کا حسین ترین سفرجبکہ مہمان نوازی کو لاجواب قرار دیدیا۔

بھارتی مہمان آج لاہور واپس پہنچ جائینگے ۔تفصیل کے مطابق اتوار کی صبح گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب میں ناشتہ سے فراغت کے بعد بھارتی سکھ یاتری ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز سیف اﷲ کھوکھر اور پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ کی ہمراہی میں خصوصی بسوں کے قافلے کی صورت میں گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد پہنچے جہاں انہوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں، ارداس میں حصہ لیا۔

خصوصی پراتھنا کی ۔پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ و دیگر ممبران کی جانب سے سکھ یاتریوں کو پر تکلف ظہرانہ دیا گیاجسے خوب سراہاگیا۔بعد ازاں سکھ یاتری کرتار پور راہداری پہنچے جہاں انکا استقبال چیف ایگزیکٹو آفیسر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرتار پور محمد ابو بکر آفتاب نے سٹاف کے ہمراہ کیا ۔یاتریوں کو گلدستے پیش کئے گئے ۔

سکھ یاتریوں نے لنگر کی خوب تعریف کی ۔ جتھہ لیڈر سردار امر جیت سنگھ پلائی پور نے کہا کہ کرتار پور راہداری کا قیام ایک تاریخی عمل ہے ۔گورودوارہ روہڑی صاحب کے بعد یہاں گورودوارہ دربار صاحب میں ماتھا ٹیکنے کے بعد ہم نانک نام لیوا امر ہو گئے ہیں۔متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے ہمارے پاکستان آمد سے لیکر تاحال طعام ،قیام، ٹرانسپورٹ ، میڈیکل کی سہولیات سمیت سکیورٹی کے شاندار انتظامات کئے گئے ہیں، جس پر ہم حکومت پاکستان اور چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمٰن گیلانی کے مشکور ہیں۔