بی آئی ایس پی مستحقین کوآگاہ کریں امداد8500 کردی:شازیہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور بینظیر کفالت کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو مزید مستعدی اور دیگر اقدامات زیادہ شفاف انداز میں اختیار کرنے کی ہدایت کی۔

سیکرٹری بی ایس آئی پی نے وفاقی وزیر کو بینظیر کفالت کی جاری سہ ماہی تقسیم کے بارے میں بریفنگ دی ۔ شازیہ مری نے کہا کہ ہمیں مستحقین کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے کہ حکومت نے جنوری تا مارچ اور اپریل تا جون کی سہ ماہی کیلئے بینظیر کفالت کی رقم کو بالترتیب 7000 روپے سے بڑھا کر 8500 اور 9000 کر دیا ہے۔

انہوں نے مستحقین پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی کٹوتیوں کی صورت میں قریبی بی آئی ایس پی آفس میں اپنی شکایات درج کرائیں۔ وفاقی وزیر نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ پارٹنر بینکوں کے پی اوایس (پوائنٹ آف سیل) ایجنٹوں کے خلاف کچھ علاقوں سے موصول ہونے والی غیر قانونی کٹوتیوں کی شکایات پر قابو پانے کیلئے نچلی سطح پر اپنی استعدادبڑھائیں۔

انہوں نے پارٹنر بینکوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اے ٹی ایمزکے ذریعے ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنائیں تاکہ بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھانے والے آسانی سےاپنے فنڈز نکال سکیں۔ وفاقی وزیر نے سیکرٹری بی آئی ایس پی سے کہا کہ وہ صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں افرادی قوت کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایک منصوبہ تیار کریں۔۔