ترسیلات زر میں 11فیصد ،برآمدات میں 7.4فیصد کمی،ماہانہ معاشی رپورٹ جاری

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے فروری کی ماہانہ معاشی رپورٹ جاری کر دی۔رواں مالی سال میں پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر 11 فیصد کمی کے ساتھ 16 ارب ڈالر کی رہیں۔

رپورٹ کے مطابق برآمدات 7.4 فیصد کمی کے ساتھ 16.4 ارب ڈالر رہیں ،درآمدات میں 21 فیصد کمی کے ساتھ 33.5 ارب ڈالر رہیں ۔

رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 67 فیصد کمی کے ساتھ 3.8 ارب ڈالر ہو گیا ،براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 44 فیصد کمی کے ساتھ 68 کروڑ 35 لاکھ ڈالر ہو گئی۔

ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 5.4 ارب ڈالر کے رہ گئے ،رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 18 فیصد اضافے سے 3 ہزار 966 ارب روپے ہو گئی ۔

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پی ایس ڈی پی ریلیز 44 فیصد کمی کے ساتھ 162 ارب روپے رہے ،رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں مالیاتی خسارہ 1 ہزار 683 ارب روپے ہو گیا ۔

شرح سود بڑھنے سے قرض کی ادائیگی میں 77 فیصد اضافہ ہوا ،رواں مالی سال مہنگائی 28 سے 30 فیصد رہنے کا امکان ہے۔