ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ہرممکن اقدامات کرینگے: گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت گورنر ہاؤس میں محکمہ آبنوشی کابھی اجلاس منعقدہ ہوا، اجلاس میں نگران صوبائی وزیر حامد شاہ بھی موجود تھے جبکہ سیکرٹری محکمہ آبنوشی محمد ادریس خان کے علاوہ محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت محکمہ آبنوشی کے بندوبستی علاقوں میں 74 جبکہ ضم اضلاع میں 12 آبنوشی کی منصوبے شامل ہیں جبکہ اس کے علاوہ بیرون امداد کے تحت کوریا، جاپان کے تعاون سے 3 آبنوشی کی سکیموں پر کام جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بندوبستی اور ضم اضلاع کو ملا کر 32 منصوبے ایسے ہیں جو مقررہ وقت میں پورے کئے جا سکتے ہیں اگر منظورشدہ فنڈز کی ریلیز ممکن ہو جائے، بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ باجوڑ اور مالاکنڈ کے سرحدی علاقے اگرہ میں 2ملین روپے کی لاگت سے سولر توانائی پر مشتمل آبنوشی منصوبہ پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے 60ہزار آبادی صاف پینے کے پانی سے مستفید ہو سکے گی۔

اس طرح خیبر میں تورخم اور شلمان،ضلع مہمند اور وزیرستان میں محسود علاقوں میں گریویٹی اسکیم کے تحت آبنوشی کے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ گورنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 400 سولر ٹیوب ویلز کے منصوبے شامل ہیں۔ جن میں سے ضلع پشاور میں 17 منصوبے شامل ہیں اور ان میں سے پشاور کے مختلف علاقوں میں 6 اسکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں۔

اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ محکمہ آبنوشی ایک اہم ادارہ اور اس محکمے کے منصوبے خالصتا عوامی مفاد کے منصوبے ہیں، بریفنگ لینے کا مقصد یہ جاننا مقصود تھا کہ صوبہ بھر بالخصوص ضم اضلاع میں جاری منصوبوں کیلئے فنڈز کی کیا صورتحال ہے انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور وفاق سے بات کی جائے گی اور ضم اضلاع کیلئے فنڈز کا اجرا یقینی بنائیں گے دریں اثناء گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے پشاور میں تعینات قائم مقام ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور گورنر خیبر پختونخوا سے سانحہ پولیس لائینز پر اپنی اور ایرانی عوام کی جانب سے تعزیت پیش کی اور کہا کہ ایرانی انقلاب کی سالگرہ کی تقریب بھی پشاور قونصل جنرل میں سانحہ پولیس لائینز کی بدولت منسوخ کر دی گئی تھی کیونکہ دونوں ممالک کے عوام خوشی و غم میں ایکدوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے دکھ درد باٹنے پر ایرانی قونصل جنرل اور ایرانی عوام کا اپنی اور صوبہ کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے محبت کے رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں، گورنر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ وہ خود ایران کی دعوت پر متعدد بار ایران کا دورہ کر چکے ہیں اور وہ ذاتی طور پر ایران کی جدید ٹیکنالوجی سمیت مجموعی ترقی کے معترف ہیں، گورنر نے اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل کو تجارتی وفود کے تبادلوں اور پاک،افغان، ایران نمائش کے انعقاد کی بھی تجویز دی جس کا ایرانی قونصل جنرل نے خیر مقدم کیا۔