ترکیہ، شام زلزلہ: اموات 21 ہزار سے متجاوز،فیصل مسجد میں غائبانہ نمازجنازہ ادا

انتاکیہ،دمشق،نیویارک : ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے سے اموات21 ہزار سے تجاوزکر گئیں، تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے نوجوان کو94گھنٹے بعدزندہ نکال لیاگیا،ریسکیو آپریشن میں مزیدتیزی آگئی لیکن شدید ٹھنڈ کے باعث ریسکیو عملے کو مشکلات کا سامنا ہے، متعدد افراد کے بچ جانے کی امیدیں بھی دم توڑتی جارہی ہیں، اب تک 20 ہزار کے قریب لاشوں کو نکالا جا چکا ۔

ترکیہ میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہزار 342 سے تجاوز کرگئی۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے ترکیہ صدرنے کہا عوام کو کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے، سڑکوں اور ہوائی اڈوں کی بحالی کا کام جاری ہے، ریاست اپنا کام کررہی ہے۔ترکیہ کے نائب صدر کے مطابق کلیس، شانلی اورفا صوبوں میں ریسکیو اور تلاش کا کام مکمل ہو گیا ، دیار بکر، عدنہ اور عثمانیہ کے علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر تلاش اور ریسکیو کی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں۔

ادھرورلڈبینک نے ترکیہ کو بحالی کیلئے ایک ارب 78 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔دریں اثنااقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ زلزلہ متاثرین کیلئے زیادہ سے زیادہ مالی امدادفراہم کریں،اقوام متحدہ آئندہ ہفتے فنڈزکیلئے عالمی اپیل لانچ کریگی۔دوسری جانب شام میں 7.9 شدت کے زلزلے کے بعد جنگ زدہ ملک میں سوگ کا سماں ہے، زلزلے سے شام میں ہلاکتوں کی تعداد 3500 سے زائد ہوگئی جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں، خوفناک زلزلہ نے بچوں کی مسکراہٹ کو چیخوں میں بدل دیا،زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں مقامی افراد اپنے ذرائع سے امدادی کارروائیاں کررہے ہیں لیکن شدید سردی کے باعث ریسکیو عملے کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ملبے تلے پیدا ہونے والی اور معجزاتی طور پر زندہ بچ جانے والی شامی بچی کو ملبے سے نکالنے والے شامی شہری نے گود لینے کا اعلان کردیا۔شامی وزیر صحت حسن الغباش کے مطابق ابھی تک کو ئی امداد نہیں پہنچی، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے بھی شام میں امداد بھیجیں، کھانے پینے کی اشیاء نہ ہونے کی وجہ سے ہر 5 منٹ بعد ایک شخص زندگی کی بازی ہار رہا ہے،باغیوں کے زیرقبضہ علاقے میں بھی اقوام متحدہ نے امدادی کام شروع کردیا۔

فیصل مسجد اسلام آباد میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، ترک سفیر مہمت پاشا سمیت اسلامی ممالک کے سفارتکار شریک ہوئے۔ مہمت پاشا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے صدر،وزیراعظم و دیگر حکومتی عہدیداروں اور پوری پاکستانی قوم نے ہمارے ساتھ جو اظہار یکجہتی کیا اس پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔