انقرہ، دمشق: ترکیہ اور شام ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھا جس کے نتیجے میں مزید 6 افراد جاں بحق جبکہ600 زخمی ہو گئے ، مزید کئی عمارتیں بھی گر گئیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.4 اور پھر 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ شام میں 470 اور ترکیہ میں 213 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مصر اور لبنان میں بھی محسوس کئے گئے۔ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے گئی پہلی پاکستانی ریسکیو ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، ریسکیو ٹیم نے 13 روزتک مختلف امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
سعودی عرب نے ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کے لئے 183 ملین ریال کے منصوبوں کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ 75 ملین ریال کی لاگت سے زلزلہ زدگان کے لئے 300 مکانات تعمیر ہوں گے، 40ملین ریال سے زلزلہ متاثرہ یتیموں کی کفالت کی جائے گی۔زلزلے کے بعد 47 ممالک سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے والے 388 تربیت یافتہ کتوں نے تلاش اور بچائو کی کوششوں میں حصہ لینا شروع کیا،ان کتوں نے صرف کہرمان مرعس میں 74افراد کو بچانے میں کردار ادا کیا۔پاکستان آرمی زلزلہ متاثرین کی امداد میں پیش پیش ہے، متاثرین کیلئے آج مزید 3 ٹن سے زائد ادویات ترکیہ بھیجی جائیں گی۔