ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی تکلیف کا احساس ہے: مسعود خان

اسلام آباد: امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ترکی میں آنے والے زلزلے کی شدت اور تباہی کی جھلک جزوی طور پر بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے سامنے آئی ہے۔ حقیقتاً یہ تباہی بہت زیادہ ہے اور عوام کو ایک بڑی تباہی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی متعدد آفات اور مشکلات کا سامنا ہے۔

ہمارے دل ترک بھائیوں کے لئے رنجیدہ ہیں جو ایک مہلک اور بڑی قدرتی آفت سے نبرد آزما ہیں۔ پاکستانی امریکن ڈاکٹروں کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے منعقد زوم ٹیلی تھون سے خطاب کرتے مسعود خان نے پاکستانی تارکین وطن سے امدادی سرگرمیوں میں دل کھول کر امداد کرنے کی اپیل کی ۔

مسعود خان نے کہا پاکستانی قوم کو ترک بھائیوں کی تکلیف کا پورا احساس ہے اور ہم انکے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکہ میں ترکیہ کے سفیر حسن مورت مر جان بھی زوم ٹیلی تھون میں شریک تھے۔ ٹیلی تھون کے دوران پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی جانب سے فوری ردعمل دیکھا گیا اور محض ایک گھنٹہ میں 3 لاکھ 65 ہزار ڈالرز کی امدادی رقوم جمع کی گئیں۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ ترکیہ میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلی پاکستان نے فوری طور پر امدادی سامان کے طیاروں اور ٹرکوں سمیت سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں اور طبی دستوں کو ترکیہ روانہ کیا۔

مسعود خان نے ٹیلی تھون کے انعقاد پر ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اپنا) ا ورتنظیم کی قیادت کو سراہا۔امریکہ میں ترک سفیر حقیقتی ارماک نے ایک ٹویٹ کیا اور بتایا کہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان تنظیم ’’ اپنا‘‘ کے زیر اہتمام ٹیلی تھون میں شامل ہوئے ہیں۔ پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کا ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کے لیے 3 لاکھ 65 ہزار ڈالر جمع کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم آپ کی حمایت کے لیے شکرگزار ہیں۔