فیصل آباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتراز احسن نے کہا ہے کہ ثقافتی ورثہ کی حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے،تاریخی مقامات کی تزئین و آرائش پر پنجاب حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے ۔
انہوں نے گزشتہ روز ضلع فیصل آباد کے دورہ کے دوران سندھی تہذیب کے حوالے سے آرٹس کونسل میں منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت کی اور آرٹس کونسل میں لگے مختلف اشیاء کے نمائشی سٹالز کا دورہ بھی کیا ۔
تاہم اس دوران بیرسٹر اعتزاز احسن موجودہ سیاسی صورتحال کے متعلق سوالات پر صحافیوں کو جواب دینے سے گریز کرتے رہے۔
اعتزاز احسن نے ثقافتی ورثہ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہذب قومیں ہمیشہ اپنے کلچر کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے ساتھ اپنا کردار بھی ادا کرتی ہیں فیصل آباد ثقافتی تاریخ کے لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل شہر ہے گھنٹہ گھر اور اسکے اطراف میں موجود بازاروں کے علاوہ مختلف تاریخی عمارات کی دیکھ بھال اور انکی بحالی کے لیے حکومت کو خصوصی توجہ دینا چاہیے ۔
علاوہ ازیں انہوں نے آرٹس کونسل میں منعقدہ تقریب کے دوران مختلف فنکاروں کی پرفارمینس بھی دیکھی اور انکی حوصلہ افزائی کی۔