جاپان کا پاکستانی تاجر کلیم فاروقی کیلئے اعلیٰ سول ایوارڈ

کراچی : جاپان کی حکومت نے معروف بزنس مین اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے صدر کلیم فاروقی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’دی رائزنگ سن وتھ نیک ربن‘‘ سے نوازا۔

کراچی میں جاپانی قونصل جنرل اوداگیری توشیو نے اپنی رہائشگاہ پر کلیم فاروقی کو ایوارڈ دیا ۔اوداگیری توشیو نے پاکستان کو اہم دوست ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت کو بتدریج فروغ حاصل ہورہاہے۔

اس حوالے سے کلیم فاروقی کی خدمات قابل تحسین ہیں جنہوں نےدونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تاجر برادری کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔کلیم فاروقی نے ایوارڈ سے نوازنے پر جاپانی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہمارامقصد دونوں ملکوں میں دوطرفہ تجارت اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔