جنوری کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 21ماہ میں کم ترین رہا:سٹیٹ بینک
Share
اسلام آباد: سٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2023 ءکا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 21 مہینوں میں کم ترین رہا۔مرکزی بینک کے مطابق جنوری 2023 ءمیں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 24.20 کروڑ ڈالر رہا اور جنوری کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دسمبر کے مقابلے 4.80 کروڑ ڈالر کم رہا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2023 کی درآمدات 3 ارب 92 کروڑ ڈالر اور برآمدات 2 ارب 20 کروڑ ڈالر رہیں۔
جب کہ رواں مالی سال درآمدات 21 فیصد کم ہوئی ہیں۔مرکزی بینک کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ 7 مہینوں کی برآمدات سوا فیصد کم ہوکر 16.42 ارب ڈالر رہیں جب کہ 7 مہینوں میں تجارت، خدمات اور آمدن کھاتوں کا خسارہ 20.44 ارب ڈالر رہا اور 7 مہینوں کی ترسیلات زر 16 ارب ڈالر رہیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2022 ءسے جنوری 2023 ءتک تجارتی خسارہ 17 ارب ڈالر رہا۔