جو بائیڈن کی اسٹریلوی اور برطانوی وزرائے اعظم سے ملاقات

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں امریکی بحری اڈے پر آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیس اور برطانوی وزیر اعظم رشی سونک سے ملاقات کی جس میں سہ فریقی سکیورٹی پارٹنرشپ پر بات چیت کی گئی اور آسٹریلیا کو جوہری آبدوزوں سے لیس کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات کے بعد تینوں فریقوں کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکہ آسٹریلیا کو تین امریکی ورجینیا کلاس نیوکلیئر آبدوزیں فروخت کرے گا، یہ لین دین موجودہ صدی کی تیس کی دہائی کے اوائل میں مکمل ہوجائے گا اور مزید دو آبدوزیں بعد میں فروخت کرنے کا بھی امکان ہے۔
تینوں ممالک امریکہ اور برطانیہ کی ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نئی قسم کی جوہری آبدوز کی تیاری میں تعاون کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ آسٹریلوی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ 245 ارب ڈالر کی لاگت سے یہ پورا منصوبہ 2055 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔