حالات مشکل ضرورلیکن معیشت میں بہتری آنا شروع:گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تناظر میں کہا کہ سب کو متحد ہو کر ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کے عفریت سے بچانا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو اس وقت بے پناہ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔

ملک کی معیشت کو ایک بار پھر ازسر نو مضبوط کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

حالات مشکل ضرور ہیں لیکن معاشی حالات میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ہونیوالی ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر پنجاب نے گورنر سندھ کو پنجاب میں خوش آمدید کہا۔ دونوں ہم منصب نے ملاقات کے دوران ملکی سیاست اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سب کو مل جل کر بیٹھ کر ایک ایسا راستہ نکالنا ہے جہاں پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج دنیا میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ دونوں ہم منصب نے اس موقع پر بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔