حکومتی بل نواز کو ایک اور این آر او دینے کی کوشش : پرویزالٰہی
Share
لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی سے سابق ایم این اے چودھری عامر سلطان چیمہ، سابق صوبائی وزیر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، صفدر بوسال ایڈووکیٹ، رائے ممتاز بابراور نادر دوگل ایڈووکیٹ نے ملاقات کی۔
پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی بل نوازشریف کو ایک اور این آر او دینے کی بھونڈی کوشش کے سوا کچھ نہیں، نواز شریف آئین اور قانون کے مفرور مجرم ہیں، جب بھی واپس آئیں گے سیدھا جیل ہی جائیں گے ،پارلیمنٹ سپریم ضرور ہے لیکن حکومت کو معلوم ہونا چاہئے کہ سپریم کورٹ بھی سپریم ہے۔
پارلیمنٹ بھی سپریم کورٹ کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی، شہبازشریف سمیت پوری پی ڈی ایم سپریم کورٹ کو آئین کی پاسداری سے روکنا چا ہتی ہے ،آئینی طور پر آئین کی تشریح کا اختیار صرف سپریم کورٹ کے پاس ہے، پی ڈی ایم حکومت الیکشن روک کر قومی سلامتی سے کھیل رہی ہے ۔