اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت فوری عام انتخابات کرائے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام آئے،پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔
نواز شریف کی نااہلی کے متعلق میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹکر پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے حوالے سے انہیں خود عقل سے کام لینا چاہیے۔
جمعرات کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمیںن شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس 90 دن میں الیکشن کرانے کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی راستہ نہیں ہے۔
گورنر صاحبان کو الیکشن کی تاریخ بروقت دے دینے چاہیے تھی۔ گورنر صاحبان کے اس روئیے کو دیکھتے ہوئے ہم نے لاہور ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے گورنر نے جو خط لکھا تھا وہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دیا تھا ۔
ملکی حالات کے پیش نظر حل صرف الیکشن ہیں ،آئین میں الیکشن کے تاریخ کو90 دن سے آگے لے جانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد عام انتخاب کرائے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام آئے لیکن پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے