حکومت معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عمل پیرا ہے،وزیرخزانہ
اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت معیشت کی پائیدار ترقی اورنمو کیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عمل پیرا ہے، ملک کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جارہاہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں بی بی انرجی کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی۔گروپ کے سی ای اونے وفد کی قیادت کی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی محصولات طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ بی بی انرجی کے گروپ کے سی ای او نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اورانہیں بی بی انرجی کی کاروباری پروفائل کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو توانائی کے شعبے میں ان کی موجودہ سرمایہ کاری کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور پاکستان کو سستی پٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی کی فراہمی کے لیے اسٹریٹجک کاروباری تعلقات استوار کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اورانہیں ملک کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو کمزور معیشیت ورثہ میں ملی ہے لیکن وہ چیزوں کو درست سمت میں ڈالنے پر توجہ دے رہی ہے اور معاشی ترقی اور نمو کے حصول کے لیے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے عملی اقدامات کی بدولت ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں توانائی کی سپلائی لائن کو بڑھانے کے لیے اپنی کاروباری سرگرمیوں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرنے پر محمد بساطنے کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان کمپنی کو ملک میں اپنے کاروبار اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لیے درکار ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔ وفد نے تعاون اور حمایت پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔