خواتین کو تعلیمی،مالی لحاظ سے خود مختار ہونا چاہئے:ثمینہ علوی

پشاور: خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے صوابی میں راشد میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے صوابی کے علاقے عالم آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں اس طرح کی آرگنائزیشنز ملک کو ترقی کے راہ پر گامزن کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم انتہائی ضروری ہے خواتین پڑ ھیں گی تو نئے نسل کو ماں کی گود سے تعلیم سے آراستہ کرے گی، یہاں سے ہزاروں بچوں کے لیے تعلیم کے دروازے کھل رہے ہیں۔

سٹریٹ چلڈرنز کو بھی تعلیم دینی چاہیے ،اس کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں اب بھی تعلیم کی شرح بہت کم ہے، عمارت سے تعلیم حاصل نہیں ہوسکتی ٹیچرزاچھے اور محنتی ہونے چا ہئیں۔ خاتون اول نے کہا کہ راشد میموریل کو مزید دیہی علاقوں تک وسعت دینی چاہیے،خواتین کو تعلیمی اورمالی لحاظ پر خودمختار ہونا چا ہیے اور انہیں تعلیم کے ساتھ ہنر بھی سکھانے پر توجہ مرکوز کرنی چا ہیے۔ انہوں نے کہاکہ صوابی کے مقامی کمیونٹی کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ راشد میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کا ساتھ دیں تاکہ وہ آپ کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ اور ان کی بہترصحت میں آپ کی مددکرے۔