دنیا مسئلہ کشمیر حل کرائے: مشعال ملک

اسلام آباد: چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال حسین ملک نے مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری فاشزم اور ظلم و بربریت پر عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جیل میں بند حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ایک بیان میں کہا کہ دنیا نے اتحاد کا مظاہرہ کیا اور یوکرین کے خلاف روس کے حملے کے خلاف ہاتھ ملایا لیکن مقبوضہ وادی میں بھارتی فاشسٹ حکومت کی غیر انسانی پالیسیوں پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی۔

انہوں نے کہا بدنام زمانہ حکومت نے خوبصورت وادی میں لوگوں کے جینے کے حق سمیت تمام بنیادی حقوق سلب کئے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں خاموش تماشائی بن کر اس صورتحال کو دیکھ رہی ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی اور پامال کر رہا ہے۔مشعال ملک نے دنیا پر زور دیا کہ وہ گہری نیند سے جاگیں اور کشمیر کے مسئلے کو وادی کے لوگوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کریں۔