دہشتگردی کے بڑھتے واقعات حکومتی ناکامی ہیں،بدامنی بڑھ رہی:سراج الحق

لاہور: امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بدامنی کی لپیٹ میں، معیشت تباہ، مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیے۔ قومی انتخابات کی طرف جانا ہو گا۔

حکمران جماعتوں نے مفادات کے لیے لڑائی میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔ جماعت اسلامی 14مارچ کو انتخابی منشور دے گی، اسلام آباد میں تمام قیادت کو اکٹھا کر کے الیکشن مہم کا آغاز کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس کی صدارت اور وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انہوں نے بولان میں دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت اور شہدا اور زخمیوں کے لیے دعا کی۔

اجلاس میں اسلام آباد کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات حکومت کی ناکامی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری کے واقعات ہوتے ہیں، مسلح جتھے پھر رہے ہیں، مگر حکومت کہیں دکھائی نہیں دیتی۔

بلوچستان میں ایک طرف بدامنی بڑھ رہی ہے، دوسری جانب عوام میں محرومیوں کا لاوا بھی پک رہا ہے، وسائل سے مالا مال ملک کے سب سے بڑا صوبہ میں غربت بھی سب سے زیادہ ہے۔

ملک کی معاشی شہ رگ کراچی میں بھی سٹریٹ کرائم، ٹارگٹ کلنگ میں ہر روز اضافہ ہوتا ہے، لوگ خوف کے سائے تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، سندھ حکومت مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی مرکزی اور سندھ حکومت قربانی دے اور اسمبلیاں تحلیل کر کے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں۔

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی گوادر کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اور مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کی جعلی مقدمات میں گرفتاری کے خلاف 9مارچ کو کوئٹہ میں احتجاجی دھرنا دے گی۔

اسی طرح کراچی میں الیکشن کمیشن کی ناکامی اور بلدیاتی انتخابات مکمل نہ کرانے کے خلاف 10مارچ کو صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا ہو گا۔