سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کراچی میں مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک

کراچی،راولپنڈی: سابق صدر و آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی نمازجنازہ پولو گراؤنڈ ملیر کینٹ کراچی میں ادا کردی گئی اور انکی تدفین کراچی کے آرمی قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز کیساتھ کی گئی۔گزشتہ روزگل مہر پولو گراؤنڈ ملیر کینٹ میں پرویز مشرف کی نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی و سول حکام اورسیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔ پرویز مشرف کے جنازے میں انکے صاحبزادے بلال مشرف اور دیگر اہلخانہ سمیت قریبی عزیز و اقارب بھی شریک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سابق صدرمملکت اور آرمی چیف پرویزمشرف کی نمازجنازہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشادمرزا، سابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل(ر) احسان الحق، سابق آرمی چیفس جنرل(ر) اسلم بیگ، جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ ،جنرل (ر)اشفاق پرویز کیانی نے شرکت کی۔نمازجنازہ میں ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینرخالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال،ڈاکٹر فاروق ستار،ڈاکٹر فروغ نسیم،وفاقی وزیر امین الحق،تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری، امیر مقام، عمران اسماعیل، جاوید جبار، سابق چیئرمین ایف آر شبر زیدی، سابق وفاقی سیکرٹری سید انور محموداور دیگربھی شامل تھے۔نمازجنازہ کے بعد سابق صدرکے جسد خاکی کو تدفین کیلئے کورنگی روڈ کالاپل کے قریب واقع فوجی قبرستان لایا گیاجہاں مکمل فوجی اعزاز کیساتھ انکی وصیت کے مطابق تدفین کردی گئی۔علاوہ ازیں نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئےگئے تھے۔حساس ادارے، پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے سکیورٹی سنبھال رکھی تھی۔ ملیر کینٹ جانیوالے تمام راستوں پر بھی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔