سخت محنت ترقی ،کامیابی کیلئے ناگزیر ہے،صدر مملکت کی بچوں کو تلقین،خصوصی طلبہ کیلئے خصوصی نصاب تیار کرنا ہوگا:صدر پاکستان عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بچوں کو سخت محنت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زندگی میں ترقی اور کامیابی کے حصول کیلئے ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے ایوان صدر میں یتیم بچوں کے اعزاز میں افطار استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر ہمدردی، محبت کے ساتھ ساتھ بڑوں کا احترام کرنے کی خصوصیات پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے یتیم بچوں کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سخت محنت عملی زندگی میں ترقی کی نئی راہیں کھولے گی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے مماثلت بیان کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی بچپن میں اپنے والد کو کھو دیا تھا۔ انہوں نے ایک قرآنی آیت کا بھی حوالہ دیا جس میں بچپن میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یتیمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کیا اس نے آپ کو یتیم پاکر پناہ نہیں دی ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور انہیں بتایا کہ ایوان صدر دراصل ان کا ہے۔

قبل ازیں پاکستان آرفنز کیئر فورم کے چیئرمین عبدالشکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ 15 رمضان المبارک کو یتیموں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے یتیم بچوں کی پرورش میں معاونت کیلئے حکومتی اور قومی سطح پر مربوط کوششوں پر زور دیا اور ا نہیں اپنی زندگیوں میں بہترین کارکردگی کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں خصوصی افراد کی سہولت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی طلباء کی تعلیمی ضروریات کو مؤثر انداز سے پورا کرنے کیلئے خصوصی نصاب تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نصاب میں خصوصی افراد کی جانب معاشرے کے رویے بدلنے پر توجہ دینی چاہئے۔

اجلاس میں صوبائی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹس کے سیکرٹریز اور مختلف حکومتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانےکیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمت کے کوٹے کو فوری طور پر پُر کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر کو اجلاس میں خصوصی افراد کیلئے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یکم اپریل کے جلگئی سیکٹر ، کیچ کراس بارڈر حملے کے شہداء کے ورثاء سے فون پر اظہار تعزیت کی۔انہوں نے نائیک شیر محمد، سپاہی عرفان اﷲ اور لانس نائیک اصغر علی کے ورثاء سے اظہار افسوس کیا۔صدر مملکت نے 31 مارچ کو میر علی میں شہید ہونے والے سپاہی ارشاد اﷲ کے لواحقین سے بھی فون پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کو وطن کیلئے عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے شہداء کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کیا، صبر جمیل کی دعا کی۔