سعودیہ، ایران تعلقات میں بہتری دیکھ رہا ہوں: شاہ محمود

ملتان: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم امہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ایک طویل عرصے بعد مسلم امہ یکجا ہو رہی ہے۔ سعودیہ اور ایران کے تعلقات میں بہتری دیکھ رہے ہیں۔ مسلم ممالک کے ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات میں تناؤ میں بہتری دیکھ رہے ہیں۔

او آئی سی جن مقاصد کے لئے بنائی گئی تھی اس میں پیش رفت ہورہی ہے۔سید علی گیلانی کی وفات کے بعد 12 سال بعد پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول زرداری دہلی جا رہے ہیں۔ مجھے امید ہے وہ وہاں جا کر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو نہیں بھولیں گے۔

وہ وہاں پر کشمیریوں کے حقوق کا دفاع اور مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف کا بھر پور دفاع کریں گے۔ وہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پرک اپنی تشویش کا اظہار کریں گے۔ امید ہے وہ دورہ بھارت کے دوران حریت قیادت سے ملاقات کرنا نہیں بھولیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے بعد دربار حضرت بہاؤ الدین زکریاؒ کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا ملک کو جس آئینی بحران سے دوچار کردیا گیا ہے تحریک انصاف اس آئینی بحران سے ملک کو باہر نکالنا چاہتی ہے۔

سپریم کور ٹ نے سیاسی جماعتوں کو موقع فراہم کیا ہے کہ وہ مل بیٹھیں اور مذاکرات کے ذریعے ملک کو آئینی و سیاسی بحران سے باہر نکالیں۔ چیف جسٹس نے جوموقع فراہم کیا۔ سیاسی جماعتوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔تحریک انصاف مذاکرات کی حامی ہے لیکن بامقصد اور بامعنی مذاکرات ہونے چاہئیں جو آئین میں رہتے ہوئے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا ملک میں اس وقت سیاسی انتشار ہے جو کہ ملک کے لئے نقصان دہ ہے تحریک انصاف کی خواہش ہے ملک سے انتشار ختم ہو اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہو۔

عمران خان نے ملک کو اس کیفیت سے نکالنے کے لئے ایک بہت بڑا جیسٹر دیا ہے۔ہم بات چیت چاہتے ہیں لیکن یہ نشست تاخیری حربہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا اگر گفتگو شنید ہوتی ہے تو ایک ساتھ الیکشن ہوسکتے ہیں۔اگر مذاکرات نہیں ہوتے تو 14 مئی کو الیکشن کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ واضح ہے 27 تاریخ آچکی ہے۔امید کرتا ہوں 27 کو الیکشن کمیشن کو تمام وسائل فراہم کردیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا پی ڈی ایم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے آئی تھی لیکن قوم نے دیکھا اس نے معاشی بحران مزید گھمبیر کردیا۔انہوں نے کہا الیکشن میں سکیورٹی کے حوالے سے پی ڈی ایم سرکار ملک کے امیج کو اتنا خراب مت کرے کہ ملک کی عالمی سطح پر جگ ہسائی ہو۔ مقبوضہ کشمیر میں ٹرک پر حملے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا جیسے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا گیا آج بھی ٹرک پر حملہ ڈرامہ لگ رہا ہے۔نواز شریف کی سعودی فرما روا ں سے ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مجھے امید ہے نواز شریف نے محمد بن سلیمان کو اچھا کہا ہوگا۔

پی پی 217 سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر ٹکٹ نہ ملنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ملک کے مفاد میں اور اپنے قریب رہنے کے لئے مرکز میں ساتھ رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس لئے میں نے صوبائی اسمبلی کی نشت پر ٹکٹ نا ملنے کا فیصلہ خوشدلی سے قبول کیا۔ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے قریبی ساتھیوں کی رنجش کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ٹکٹ ایک حلقے میں ایک امیدوار کوملتی ہے باقی دوستوں کی ناراضگی قدرتی امر ہے۔

تاہم پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ریوو بورڈ تشکیل دیا ہے جس میں ٹکٹوں کے حوالے سے اپیلوں پر فیصلہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبار حضرت بہاء الدین زکریا ? کے احاطہ میں مخدومزادہ مرید حسین قریشی‘ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ معین ریاض قریشی و خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ نماز عیدالفطر ادا کی۔ نماز کے اختتام پر ملکی سلامتی و ترقی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد انہوں مزارات پر حاضری دی‘ پھولوں کی چادر چڑھائی اور دربار کے احاطہ میں مدفون اپنے بزرگوں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔