سعودی بچے نے چابی نگل لی ، ریڈیو لوجیکل تصویر سے تصدیق

طائف: ایک عجیب و غریب واقعہ میں سعودی عرب کی طائف گورنری میں ایک سعودی بچے نے چابی نگل لی۔ بچے کو تشویشناک حال میں ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں لایا گیا۔ چابی گلے میں پھنس جانے سے بچہ موت کے قریب پہنچ گیا تھا۔ تاہم طبی ٹیم نے فوری کارروائی کرکے بچے کی جان بچانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ میڈیکل ٹیم نے چھوٹے بچے کا لیپروسکوپک آپریشن کیا اور حیران کن طور پر چابی کو نکال دیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق کنگ فیصل میڈیکل کمپلیکس نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ کے ذریعے بتایا کہ اسے سانس کی تکلیف میں مبتلا ایک بچہ انتہائی تشویشناک حالت میں موصول ہوا۔ بچے کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی اور طبی اور ریڈیولاجیکل معائنے کی ضرورت تھی۔اس کی جانچ کی گئی تو غذائی نالی میں چابی کی شکل کے جسم کی موجودگی کا انکشاف ہوگیا۔

فوری طور پر ضروری اقدامات کئے گئے۔ فالو اپ جاری رکھا گیا اور آخر کار بچے کے جسم سے چابی نکال لی گئی۔اس کیس کا علاج کرنے والی ٹیم نے یہ بھی بتایا کہ فوری طور پر اینڈو سکوپی کی گئی اورپھر غذائی نالی سے لوہے کی چابی نکال لی گئی، بچے کی حالت اس قدر خراب تھی کہ وہ موت کے قریب پہنچ چکا تھا۔ میڈیکل ٹیم نرسنگ ٹیموں کے ساتھ چھوٹے لڑکے کا فالواپ علاج جاری رکھا ۔ طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ بچے کی حالت اب مستحکم ہے اور بچے کو اچھی صحت کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔