سوچ کہتی ہے انتخابات وقت پر ہوں گے: آصف زرداری

بلاول کو مردم شماری پر سندھ کی حد تک اعتراض ہے

ملتان؍ وہاڑی : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ضلع وہاڑی کا پہلا دورہ ہے، ذاتی تعلقات پہلے سے ہیں،عمران خان سیاستدان نہیں، اس لئے اس سے بات نہیں ہوسکتی،عمران خان اور تحریک انصاف سے کیا بات کروں جو یوٹرن لیتا ہے۔

کسی کو گرفتار کرنا یا نہ کرنا، یہ وزیر داخلہ کا اختیار ہے،ہم نے اقتدار میں آکر ملک کو بچایا،عمران خان کو نہ نکالتے تو ملک ڈیفالٹ ہوجاتا،ہمیں پتہ تھا کہ مشکلات ہونگی مگر ہمارا مقصد ملک بچانا تھا،حالات اور واقعات دیکھ کر سیاست کی جاتی ہے،انسان کو سیاست میں جفا کشی کرنا پڑتی ہے۔

،عمران خان ملک کے تمام ادارے فروخت کرنا چاہتا تھا، مہنگائی کی وجہ سے عوام مشکل کا شکار ہیں،الیکشن کا ماحول ابھی بنے گا، اس کے بعد سیاسی فیصلے کرینگے۔

بلاول کو مردم شماری پر سندھ کی حد تک اعتراض ہے،ڈیجیٹل مردم شماری پر سندھ کو تحفظات ہیں،آئندہ انتخاب تیر کے نشان پر لڑینگے۔

سوچ کہتی ہے کہ الیکشن وقت پر ہونگے،پی ڈی ایم کا حصہ نہیں مگر حکومت کا حصہ ہیں، پی ڈی ایم کا اپناموقف ہے ا ور ہمارا علیحدہ موقف ہے۔

قبل ازیں آصف زرداری 2 روزہ دورے پر گزشتہ روز ملتان پہنچے ۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود ودیگر نے ان کا استقبال کیا ۔

آصف زرداری ملتان ایئرپورٹ پر مختصر قیام کے بعد نجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاڑی پہنچ گئے اور پی پی رہنما نواب شہر یار خان کی رہائش گاہ پر قیام کیا ۔ آصف علی زرداری نے دورہ کے دوران مقامی قیادت ، جنوبی پنجاب کے عہدیداروں اور تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں ۔

سابق صدر آج میلسی کا دورہ کریں گے ۔ مزید برآں سابق صدر رہنما پیپلز پارٹی محمود حیات خان عرف ٹوچی خان کی رہائش گاہ پر جائیں گے ۔

سابق صدر بذریعہ ہیلی کاپٹر جلہ جیم سٹیڈیم میں پہنچیں گے اور تنظیمی عہدیداران ، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کریں گے اور جیالوں سے خطاب بھی کریں گے ۔

آخر میں ضلعی صدر محمود حیات خان عرف ٹوچی خان کی ہمشیرہ کی وفات پر اظہار تعزیت کریں گے۔ پارٹی زرائع کے مطابق آصف علی زرداری اپنا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد آج شام شام واپس روانہ ہو جائیں گے ۔