شرائط پوری، جلد آئی ایم ایف معاہدہ کی امید:اسحاق ڈار
Share
اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے قوم کو بڑی خوشخبری سنادی ۔ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے کی تمام شرائط پوری کرلی ہیں۔ سعودی عرب اور یواےای نے پاکستان کو فنانسنگ سے متعلق آئی ایم ایف کو آگاہ کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر فنانسنگ کی تصدیق آئی ایم ایف کو کردی ہے۔
سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر اور امارات نے ایک ارب ڈالر پاکستان کو فراہم کرنے سے آئی ایم ایف کو مطلع کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے کیلئے تمام شرائط پوری کرلی ہیں۔ پاکستان کو امید ہے کہ آئی ایم ایف سٹاف لیول معاہدہ جلد کرکے اسے ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کرائے گا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ تھا کہ دوست ممالک پاکستان کو بیرونی فنڈنگ فراہمی سے اسے مطلع کریں۔ عالمی ادارے نے اس سے قبل سیلز ٹیکس کی شرح بڑھانے اور پٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگانے کی شرائط بھی پوری کرائی ہیں۔