شوباز اور تڑی باز نے روٹی کاحصول مشکل بنا دیا :پرویز الٰہی

لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے وفاق میں شوباز اورصوبے میں تڑی باز نے عوام کے لیے 2 وقت کی روٹی کاحصول مشکل بنا دیا ہے۔سابق ارکانِ اسمبلی رانا نذیر، سونیا شاہ اور دیگر سے گفتگو میں ان کاکہناتھاعالمی منڈی میں تیل سستا لیکن پاکستان میں مہنگا ہے،۔

پہلے ہی کہا تھا اسحاق ڈار نااہل وزیرخزانہ ہیں، پیٹرول کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر اضافہ ظلم ہے، اسحاق ڈارآئی ایم ایف کے آگے لیٹ گئے پھر بھی وہ اعتبار کرنے کو تیار نہیں، اسحاق ڈارکو اگر کچھ نہیں آتا تو شوکت ترین سے ہی سیکھ لیں،نااہلوں کا ٹولہ مسلط ہے جس نے عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیا۔

آئی ایم ایف کی آشیر باد حاصل کرنے کے لئے نااہل حکمران عوام کاخون چوس رہے ہیں، نااہل حکمرانوں کو قانون سازی کا کوئی حق نہیں، سپریم کورٹ کے خلاف سب سر جوڑ کر کابینہ کے اجلاس پر اجلاس بلا رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن کو عدلیہ کے خلاف غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے گریز کرناچاہئے، فضل الرحمن کی عدلیہ کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی قابل افسوس ہے،ان کو معلوم ہونا چاہیے قوم پوری قوت سے عدلیہ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

سروے رپورٹس پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی کامیابی کی پیشگوئی کر رہی ہیں، پی ڈی ایم الیکشن روکنے کی کوششیں کر کے ہماری الیکشن مہم مفت میں چلا رہی ہے،ایسا نہ ہو اس بار عمران خان خیبر پختونخواسے ان پارٹیوں کا صفایا ہی کر دیں، الیکشن اور قومی سلامتی لازم و ملزوم ہیں۔

عوام اور ادارے مل کر ہی قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بناسکتے ہیں لیکن موجودہ گھس بیٹھیوں کے حکومت میں ہوتے ہوئے قومی سلامتی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے،پی ڈی ایم حکومت پہلے دن سے نفرت کا نشان بن چکی۔

پنجاب میں نگراں حکومت کو عوام پہلے دن سے ہی مسترد کر چکے،عوام کی منتخب حکومت ہی کچے اور پکے کے ڈاکوئوں کا قلع قمع کر سکتی ہے، الیکشن کے بعد پنجاب میں گینگسٹرز کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کریں کر یں گے۔