ضلع خیبر میں شجر کاری مہم کا افتتاح،10 لاکھ پودے فراہم

پشاور: خیبر پختونخوا کے نگران وزراء نے دورہ خیبر میں سکول کے بچوں اور قبائلی زعماء کے ہمراہ پودے لگا کر ضلع میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزراء حاجی منظور خان آفریدی وزیر محنت اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور شفیع اللہ خان وزیر ہاؤسنگ و جیلخانہ جات نے باڑہ سپاہ کے علاقے ڈورہ کا دورہ کیا اور وہاں سینکڑوں سکول بچوں، اساتذہ اور قبائلی مشران کے ہمراہ شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔
ان کے ساتھ ڈسٹرک فارسٹ آفیسر خیبر محمد شکیل، کنزرویٹر گلزار رحمان، اسسٹنٹ کمشنر باڑہ شہاب الدین صافی، سابق پارلیمنٹرین حاجی محمد شاہ آفریدی، ایس ڈی او خیر محمد اور حاجی شیرین بھی موجود تھے، ڈورہ پہنچنے پر کثیر تعداد میں طلبہ و اساتذہ، قبائلی عمائدین اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے صوبائی وزراء کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان زندہ باد و سرسبز پاکستان کے نعرے بلند کئے صوبائی وزراء نے ڈورہ کے وسیع علاقے میں پودے لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔
انہوں نے شجر کاری مہم میں سکول بچوں و مشران کی دلچسپی اور جوش و خروش کو سراہا اس موقع پر نگران صوبائی وزیر حاجی منظور خان آفریدی نے بتایا کہ خیبر میں شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 10 لاکھ پودے مفت فراہم کئے گئے ہیں تاکہ لوگ اپنے علاقوں میں پودے لگا کر علاقے کو سرسبز و شاداب بنائیں انہوں نے کہا کہ باڑہ کے مختلف سرکاری سکولوں کے چار سو طلبہ اور قبائلی عمائدین پانچ سو سے زائد پودے لگاکر شجر کاری مہم میں اپنا حصہ ڈالیں گے جن میں توت، بکائن، باٹل برش، اولینڈر، اور شیشم شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ہر فرد دو شجر لگاکر آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک صاف اور شفاف ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔