عدالتی فیصلہ آئین اور جمہوریت کی جیت، قاسم سوری

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر وسابق ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین اور جمہوریت کی جیت کی عکاسی کرتاہے، سپریم کورٹ کا آج کافیصلہ آئین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی ترجمانی کرتاہے۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ اس وجہ سے بھی تاریخی ہے کہ کیونکہ آئین میں صاف اور واضح لکھا ہوا ہے کہ90دن کے اندر اندر انتخابات کرانے ہیں لیکن امپورٹڈحکومت شکست کے خوف سے آئین کو روندنا چاہتی تھی اور مختلف پروپیگنڈے کرکے سپریم کورٹ پردبائو ڈالاتاکہ انکی خواہشات کے مطابق فیصلہ آجائے لیکن آج سپریم کورٹ نے آئین اورقانون کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات کاجو فیصلہ کیاوہ حقیقی معنوں میں آئین کے تحفظ کے مانند ہے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں قاسم خان سوری نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین پاکستان کی فتح ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے سپریم کورٹ، آئین اور جمہوریت کو بچا کراپنا نام تاریخ میں رقم کر لیا ہے اور آج سپریم کورٹ نے نظریہ ضرورت کو دفن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے آئین کے محافظ ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلہ سے پوری دنیا میں ہماری عدلیہ کا وقار بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر پوری قوم کومبارکباد پیش کرتے ہیں آج کا فیصلہ تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گاکیونکہ آئین میں واضح ہے کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد90دن کے اندراندرانتخابات کرانے ہیں۔