عمران اے پی سی میں شرکت نہیں کرینگے ، ضمنی الیکشن میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد ،لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان حکومت کی بلائی گئی اے پی سی میں شریک نہیں ہونگے ،انہوں نے ضمنی الیکشن میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے سابق ارکان قومی اسمبلی حصہ لیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی نے سابق ارکان قومی اسمبلی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

 عمران خان نے ہدایت دی کہ سابقہ ارکان اپنے حلقوں میں الیکشن مہم شروع کر دیں۔

 عمران خان نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر فیصلہ تبدیل کیا جبکہ اپنے ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے 10 ماہ میں معیشت اور جمہوریت کو تباہ کردیا، حکومت نے دہشت گردوں کو اپنی نگرانی میں پنپنے دیا ،میں اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرتا۔

یہ حکومت ہارس ٹریڈنگ اور سازش سے بنائی گئی،شہبازشریف کی حکومت نے فاشزم سے جمہوریت کو تباہ کردیا، بنیادی حقوق ختم کردیے ۔

شہبازشریف اتنے بے شرم کیسے ہوسکتے ہیں،قانون کی حکمرانی اوربنیادی حقوق ختم کردئیے اور ننگی فسطائیت کے ذریعے جمہوریت کا قتل کیا اورناک کے نیچے دہشتگردی کو پھیلنے کی اجازت دی۔

شہباز شریف نے بنیادی انسانی حقوق سلب اور قانونی کی حکمرانی ختم کر کے ڈھٹائی اور فسطائیت کے ذریعے معیشت اور جمہوریت کو تباہ کیا، شہباز شریف کی انہی حرکتوں کے سبب دہشت گردی بھی پھیلی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے، ہمارے رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں تو کیسے انکے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں ۔

الیکشن کمیشن انتخابات کرانے کا پابند ہے، معاشی حالات اس میں آڑے نہیں آسکتے، جمعرات تک پنجاب میں انتخابات کا فیصلہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کارکنوں کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 90 روز میں ضمنی انتخابات ہونا کلیئر ہوچکا ہے ،آئندہ سماعت پر امید کرتے ہیں کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا ۔