عمران خان 50 سال سے دوست ہیں : چودھری نثار

راولپنڈی: سینئر سیاستدان و سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان میرا 50 سال سے دوست ہے اور آج بھی دوست ہے، مجھے پی ٹی آئی میں شامل کرنے کیلئے بہت اصرار کیا۔

چاکرہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ عمران نے کسی اور کو پارٹی میں شامل کرنے کی اتنی کوشش نہیں کی جتنی میرے لئےکی۔

مجھے عمران خان کہتا تھا کہ یار تم نہیں آتے تو میرا ان لوگوں سے گزارا ہے۔ چودھری نثارنے مزید کہا کہ جو لوگ عمران خان کا جھنڈا لیکر پھرتے ہیں، یہ بینظیر کا نعرہ لگاتے تھے، بعد میں یہ مشرف کیساتھ ہو گئے اور اب عمران کیساتھ ہیں۔

وزیر تو میں جنرل ضیا ، جونیجو اورغلام اسحاق خان کا بھی تھا لیکن عمران نے مجھ سے دوستی نبھائی اور آج بھی نبھا رہا ہے۔

انتخابات 2018 میں کیا ہوا، اسکی وجہ کچھ اور تھی، پھر کبھی بتائونگا، چاہتا ہوں الیکشن کے بعد کسی جماعت میں عزت کیساتھ جائوں۔ میں میدان میں آچکا ہوں، الیکشن آج ہوں، کل ہوں 2 سال بعد یا 10 سال بعد، میں میدان میں ہوں۔

میرے مقابلے میں وہ لوگ ہیں جنہوں نے ککھ نہیں کیا، انہیں وزارت پٹرولیم کا شوق تھا، وہاں سے نکال دیا گیا۔میں نے بڑے بڑے عہدوں کا انکار کیا۔

لوگ پوچھتے ہیں کہ کسی پارٹی میں شامل کیوں نہیں ہوتے؟ میں کہتا ہوں کہ میں اس گالم گلوچ کا حصہ نہیں بننا چاہتا لیکن سچ کا علم بلند کرتا رہونگا۔

آج ہم کھائی کے بالکل کنارے پر پہنچ چکے۔ ملک انتہائی نازک موڑ پر ہے اور ہم ایک دوسرے کے گریبان پکڑ رہے ہیں۔