عمران دورکامیگاکرپشن سکینڈل، سی اے اےکواربوں کانقصان پہنچایا:احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی سماجی رویوں میں جو تباہی کر گیا، اسے قوم کونسلوں تک بھگتنا ہے۔گزشتہ روزاپنے ٹوئٹ میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی نااہلی اور کرپشن کا سب سے بڑا میگا سکینڈل جس نے پاکستان کی سول ایوی ایشن انڈسٹری کو کئی سو ارب روپے کا نقصان پہنچایا اور غیر ملکی ائیرلائنز کو فائدہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کے بعدپی آئی اے کی یورپ اور امریکہ کی پروازیں اس کے10سالہ خسارے بھر سکتی تھیں مگر سب عمران حکومت کی نذر ہو گیا۔ اپنے ایک اورٹویٹ میں احسن اقبال نے کہ عمران نیازی نے ایسی نسل تیار کی ہے جس کے قریب سے عقل اور شائستگی نام کی چیز نہیں گزری، بدتمیزی اور جہالت کے رویے ان کے آگے شرماتے ہیں۔

دریں اثناوفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بائو ایشیائی فورم 2023 کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ گہرے صنعتی تعاون کی امید رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے گزشتہ چند دہائیوں میں تیزی سے ترقی کی ہے اور عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں تشکیل دی ہیں، اسی لئے چین کی ترقی کامیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی طرف سے تجویز کردہ ’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘انیشٹیو ایک بہت ہی تخلیقی اقدام ہے اور چین نے اپنے کامیاب تجربے کو دوسرے ممالک کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت وبائی امراض اور پیچیدہ جغرافیائی سیاست سے متاثر ہے، اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے چین کا پیش کردہ گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو بہت اہم ہے اور ترقی پذیر ممالک کو تعلیم، ماحولیاتی تحفظ، سکیورٹی اور غربت کے خاتمے جیسے کئی شعبوں میں تیز رفتار ترقی حاصل کرنے میں مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔