عمران نیازی کی ملک دیوالیہ ہونیکی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی:شاہد خاقان
Share
راولپنڈی: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی کی پاکستان کودیوالیہ یا ڈیفالٹ کرنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔شہباز شریف نے معاشی عمرانی حالات کے بھنور میں پھنسی حکومت کو آئینی طریقے سے سنبھال کرملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے اور حکومتی شاہ خرچیاں کم کرکے پاکستان کے ضرورت مند لوگوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جارہا ہے۔
مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو پاکستانی قوم کو سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچاکر عوامی خدمت کررہی ہے۔گزشتہ روز راولپنڈی کے حلقہ پی پی16 میں سابق ایم پی اے ضیا اﷲ شاہ کی طرف سے دئیے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بہت مشکلات سے دوچار ہے۔
پاکستان کی سب سے بڑی سکیم کے ذریعہ 10کروڑ پاکستانیوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔اس سکیم کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے باہر نکل کر صرف انسانی خدمت کا جذبہ رکھتے ہوئے شروع کیا گیا ہے تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں لوگوں کو ریلیف مل سکے۔