لاہور: وفاقی وزیر ہوابازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان لاشوں کی سیاست نہ کریں۔
وہ کچھ بھی کر لیں عدالت جانا ہی پڑ ے گا، ریاست کے خلاف جانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کو کئی بار عدالتوں نے بلایا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے، بہتر ہے عمران خان اچھے اور سیاسی طریقے سے قانون کے سامنے سر تسلیم خم کریں۔
عمران خان نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، مقدمات کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہوتا ہے لہذا عمران خان عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کر یں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) نے ہمیشہ آئین کی بالادستی کیلئے جنگ لڑی ہے،عمران خان نے جتھوں کی سیاست کو رواج دیا۔ پی ٹی آ ئی کے کارکنوں نے جتھوں کے ذریعے عدالتوں پر چڑھائی کی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور گاڑیوں کو آ گ لگائی۔
عمران خان سہولت کاروں اور فارن فنڈنگ کے ذریعے آئین سے کھلواڑ کر ر ہے ہیں اور ان کے سہولت کار اب بھی موجود ہیں ،عمران خان ڈکٹیٹر بن کر فیصلے کر رہے ہیں۔
پولیس پر تشدد کرنے والوں کے خلاف حکومت سخت ایکشن لے گی،زمان پارک میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد عناصر بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
گلگت بلتستان پولیس نے لاہور میں آ کر غیر قانونی کردار ادا کیا ہے، ،عمران خان کو تمام غیر قانونی کاموں کا حساب دینا ہوگا۔
مسلم لیگ (ن )آئندہ الیکشن میں اپنے منشور میں دو باتوں کو واضح طور پرلے کر آئے گی جس کے مطابق نیا نظام عدل اور ججز کی تقرری کے طریقہ کار کوبدلا جائے گا تاکہ کوئی بھی شخص ججز کو پریشرائز نہ کر سکے۔ عمران خان کی باتوں پر اعتبارنہیں،مقبولیت کے پہاڑ پر چڑھنے والے ہمیشہ نیچے گرتے ہیں۔