عمران کی تقاریر ہی نہیں، سیاست پر بھی پابندی ہونی چاہئے: مریم

لاہور: مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر مریم نواز نےٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیر بے گناہ بھی ہو تو بیٹی کا ہاتھ تھام کر لندن سے پاکستان آکر گرفتاری دیتا ہے اور گیڈر چور ہو تو گرفتاری سے ڈر کے دوسروں کی بیٹیوں کو ڈھال بنا کر چھپ جاتا ہے،باہر نکلو بزدل آدمی!لیڈر اور گیڈر کا فرق جان گئی قوم ۔عمران گھبرانانہیں۔

انہوں نے اپنے والد نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئےلکھاکہ نواز شریف صاحب تھوڑی سی بہادری عمران خان کو بھی ادھار دے دیں پلیز۔

مریم نواز نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ عمران خان کی تقاریر ہی نہیں بلکہ ان کی سیاست پر بھی پابندی ہونی چاہئے،فتنہ اورفساد کو فروغ دینے والے کی سیاست پر بھی پابندی لگنی چاہئے اورتاحیات لگنی چاہئے،مسلم لیگ (ن) کی الیکشن کی تیاری مکمل ہے۔

امیدواروں کیلئے ٹکٹوں کا مرحلہ بھی فائنل کیا جا رہا لیکن الیکشن سے پہلے کچھ فیصلے ہونا باقی ہیں۔انہوں نے کہا میں فیض حمید کے ریٹائرہونے کا انتظارنہیں کررہی تھی، میرے پاس جنرل(ر) باجوہ سے متعلق ثبوت نہیں لیکن فیض حمید سے متعلق ہیں۔

عمران خان جانے والے چیف کا گریبان اور آنیوالے کے پاؤں پکڑ رہاہے،عمران خان نے جیل کے ڈر سے ٹانگ پرپلاسٹر چڑھارکھاہے۔

انہوں نے کہا نواز شریف کو گرفتار کرکے بد ترین انتقام لیا گیا۔ایک گھنٹے کے نوٹس پر کہا جاتا تھا کہ نواز شریف حاضر ہو، انہوں نے ہر کیس میں جھوٹ بولا ہوا ہے، عدالت میں پیش نہیں ہوتے، جس برق رفتاری سے نواز شریف کے کیسز چلتے تھے، ان کے نہیں چلے۔

انہوں نے کہا میں عمران خان کے ساتھ زیادتی نہیں چاہتی، زیادتی نواز شریف سے کی گئی جو اس نے سہہ لی، چاہتی ہوں عمران خان نے جو جرائم کئے، کم از کم قانون اس پر حرکت میں آئے، نواز شریف بے گناہ نااہل ہوئے، ان کو انصاف ملنا چاہئے۔