عوام کو معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائے جائیں:مریم نواز

ساہیوال: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کارکنوں کو انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائے جائیں۔

سیاہ فسطائی دور میں پارٹی لیڈرشپ اور کارکنوں نے کمال ہمت کا مظاہرہ کیا۔ محنتی، نظریاتی اور مشکلات کاڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کارکنوں کی بھرپور سرپرستی کریں۔

مسلم لیگ (ن) ساہیوال کی مرکزی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا خواتین، نوجوانوں اور کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر دِل خوش ہوگیا۔ جتنی بڑی تعداد میں خواتین اور نوجوان تنظیمی کنونشنز میں آرہے ہیں۔ یہ ہے اصل تبدیلی۔

انہوں نے مزید کہا پارٹی کی مرکزی تنظیم ذیلی شعبہ جات کے لئے ماں کی طرح ہوتی ہے۔ محنتی، نظریاتی اور مشکلات کاڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کارکنوں کی بھرپور سرپرستی کریں۔

بعد ازاں مریم نواز دورہ ساہیوال مکمل کرکے واپس لاہور پہنچ گئیں۔مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر ایک ٹویٹ میں کہا شکریہ ڈار صاحب! عوام کے لئے اچھی خبر۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرانی ٹولے نے آج جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا، عدلیہ کی توہین، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ذمہ داروں کو گرفتار کیا جائے گا، توشہ خانہ کیس میں بھی عدالت نے بار بار طلبی کے باوجود عدم پیشی پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔

پوری قوم کو اس سارے معاملے پر تشویش ہے کہ اس فتنے کو کس طرح سے سپیشل ٹریٹمنٹ دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا پہلی دفعہ ایسا ہو رہا ہے کہ عدالتوں میں پیشیوں کا ٹائم ملزم خود مقرر کر رہا ہے، دوسری طرف ایک عام آدمی چند منٹ تاخیر پر پہنچے تو اسے سزا دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا آج توشہ خانہ کیس میں پہلے نو بجے، پھر 11 بجے اور پھر عمران خان پیش ہی نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون کا احترام نہ کرنے، غنڈہ گردی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔